کراچی: ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن میں ہونے والی گزشتہ روز کی ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آ گیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مقامی حکومت کے لیے ایم کیو ایم کے مجوزہ ترمیمی بل کے چارٹر پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم سے مجوزہ ترمیمی بل پر اپنی سفارشات دینے کا وقت مانگ لیا ہے، قانونی ٹیم مقامی حکومت کے مجوزہ ترمیمی بل کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات سے ایم کیو ایم کو آگاہ کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے کراچی کی قومی اسمبلی کی ایک نشست پر شہباز شریف کو لڑانے اور ایم کیو ایم کی جانب سے سپورٹ دینے پر زور دیا گیا، تاہم ایم کیو ایم نے اپنی روایتی نشستوں پر اپنا امیدوار کھڑا کرنے اور ن لیگ سے سپورٹ کی درخواست کی۔
اس ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے ن لیگ کو حیدرآباد کے علاوہ اندرون سندھ قومی اسمبلی کی نشست پر گنجائش نکالنے اور سپورٹ کی پیشکش کی گئی، تاہم ملاقات میں سندھ میں تمام اتحادی پارٹیوں کا مل کر انتخابات میں حصہ لینے پر بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں تجویز سامنے آئی کہ جس پارٹی کا جہاں اثر و رسوخ اور ووٹ بینک زیادہ ہوگا وہاں دیگر پارٹیاں اسے سپورٹ کریں، تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں اب تک کراچی سمیت سندھ بھر میں کسی بھی سیٹ پر ایڈجسمنٹ نہیں ہو پائی ہے۔