ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

کراچی پولیس کی مفت خوری، اہل کار تولیہ گودام سے تولیے لے گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کی پولیس جہاں دیگر خرابیوں کے لیے مشہور ہے وہاں مفت خوری کی لت بھی لگی ہوئی ہے، اے آر وائی نیوز کو ایک ایسی ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں پولیس اہل کاروں کو ایک تولیہ گودام سے مفت کے تولیے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع نور جہاں کی پولیس نے مفت خوری کی روایت برقرار رکھتے ہوئے تولیہ گودام سے مفت تولیے وصول کر لیے، گودام سے تولیے لے جانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی چلائی گئی۔

ویڈیو میں اہل کار کو بغل میں تولیے کا بنڈل لے کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک بنڈل سے کئی تولیے نکلتے ہیں، فوٹیج میں دوسرے اہل کار کو بھی موبائل کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج کے مطابق شادمان کے علاقے میں 2 پولیس اہل کار شارع نور جہاں تھانے کی موبائل میں تولیہ گودام آئے اور تولیے کا بنڈل بغل میں داب کر اطمینان سے چلے گئے۔

منشیات فروشوں اور پولیس اہل کاروں کے درمیان لین دین کی ویڈیو سامنے آ گئی

یاد رہے کہ رواں ماہ 2 تاریخ کو اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہل کاروں اور منشیات فروشوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا ویڈیو ثبوت بھی سامنے آیا تھا، اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں پولیس اہل کاروں کو منشیات فروش سے لین دین کرتے واضح طور پر دیکھا گیا۔

ویڈیو میں 4 پولیس اہل کار نظر آئے تھے، موٹر سائیکل پر بیٹھا پولیس اہل کار کھلم کھلا منشیات فروش سے لین دین کر رہا تھا، اس دوران کار میں بیٹھے ایک شہری نے اس واقعے کی ویڈیو بنا لی، پولیس اہل کار نے شہری کو ڈرانے کی بھی کوشش کی لیکن وہ گھبرایا نہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں