کراچی: کراچی ٹیکس بار کے صدر نے ایف بی آر حکام کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ متعدد ٹیکس دہندگان کرونا سے متاثر ہوئے جس کی وجہ سے وہ آئسولیشن میں لہذا یکطرفہ کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کرونا میں مبتلا ٹیکس دہندگان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کے خلاف کراچی ٹیکس بار کے صدر ذیشان مرچنٹ نے ایف بی آر ممبران ان لینڈ ریونیو کو خط ارسال کیا۔
اپنے خط میں کراچی ٹیکس بار کے صدر کا کہنا تھا کہ ’متعدد ٹیکس دہندگان کرونا مثبت آنے کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں، اس حوالے سے انہوں نے ایف بی آر افسران کو بھی آگاہ کیا ہے‘۔
کراچی ٹیکس بار کے صدر نے کہا کہ ٹیکس دہندگان نے کیسز میں حاضری سے متشنیٰ قرار دینےکی اپیل بھی کی، اُس کے باوجود ایف بی آر نے کرونا سے متاثر ہونے والے ٹیکس دہندگان کو کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ نوٹس جاری کردیے۔
صدر کراچی ٹیکس بار کا کہنا تھا کہ ’ایف بی آر نے اپیل مسترد کر کے یکطرفہ کارروائی شروع کردی، ایسےتمام کیسز جس میں یکطرفہ فیصلےکیے گئے ان کو فوری طور پر واپس لیا جائے، جو ٹیکس دہنگان کرونا میں مبتلا ہیں ان کے کیسز کی سماعت کی تاریخ کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی جائے‘۔