پاکستان کا فخر شاہ زیب رند نے کراٹے کمبیٹ چیمپیئن شپ (KC-49) جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا جس کے بعد وہ میسی کلب میں بھی شامل ہوگئے۔
قومی کراٹے ماسٹر شاہ زیب رند نے گزشتہ ہفتے سنگاپور میں کراٹے کمبیٹ چیمپیئن شپ (KC-49) کے فائنل میں برازیلین حریف ’’برونو ایسیس‘‘ کو شکست دے کر کراٹے کومبیٹ انٹیرم چیمپئن کا بیلٹ اپنے نام کیا۔
اس قابل فخر فتح کے بعد شاہ زیب رند نے اپنے چیمپئن بیلٹ کے ساتھ سوتے ہوئے ایک تصویر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں وہ بیلٹ کو گلے لگائے اپنے بستر پر سو رہے ہیں۔
اس تصویر نے 2022 میں قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو 36 سال بعد فٹبال کا عالمی چیمپئن بنوانے والے کپتان لیونل میسی کی یاد تازہ کر دی۔
میسی نے ٹرافی اٹھانے کے اگلے دن اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ چمکتی دمکتی ٹرافی کے ساتھ سوتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔
یہ غیر معمولی منفرد تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اسے بے حد پسند کیا اور تصویر کی مقبولیت اتنے بام عروج پر پہنچ گئی کہ اس کے بعد کھیلوں کا ٹائٹل جیتنے پر دیگر کھلاڑیوں نے اس کی تقلید کی۔
رواں سال جون میں امریکا میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح کے بعد بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو کی ٹرافی کے ہمراہ اپنے بستر پر سوتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
گزشتہ ماہ جب بنگلہ دیش نے پاکستان آکر قومی ٹیم کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تو ان کے کپتان نے بھی ٹیسٹ ٹرافی کے ساتھ سوتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند چھ بار قومی چیپمپئن بھی رہ چکے ہیں اور وہ امریکا میں ہونے والی عالمی پریمیئر فل کانٹیکٹ اسٹرائیکنگ لیگ کراٹے کامبیٹ کے بھی فاتح ہیں۔