وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والوں نے خود ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کے لیے دن رات محنت کی سب نے مل کر کوشش کی کہ ڈالر 600 کا نہ ہو، روٹی مہنگی نہ ہو، وہ کبھی سعودی عرب، یو اے ای اور آئی ایم ایف گئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایسے ایسے افراد بھی ہیں جن کو ان کے گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے، پی ٹی آئی میں جتنے لوگ تھے اتنے ہی اس کے ٹکڑے ہوچکے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ ایک سال کے اندر ناممکن کو ممکن کردکھایا ہے، آئی ایم ایف بھی اس ملک کی ترقی کی معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ بجلی سستی ہوجائے گی، کوئی سوچ نہیں سکتا تھا شرح سود 22 سے 12 فیصد پر آجائے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کل امریکا کی اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی لیکن پاکستان کی مارکیٹ اوپر گئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں نہیں آتا تھا، نواز شریف جب بھی آتا ہے ترقی کے دور کا آغاز ہوتا ہے۔