ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

خیابان نشاط میں 2 گروپوں میں فائرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں اہم پیش رفت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: خیابان نشاط میں 2 گروپوں میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسد رضا نے 25 جولائی کی رات کراچی کے علاقے خیابان نشاط میں دو گروہوں کے درمیان خوں ریز جھگڑے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، جس کے سربراہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ عبدالرحیم شیرازی ہوں گے۔

تحقیقاتی کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ، ایس پی کلفٹن، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایچ او، ایس آئی او، تفتیشی افسر شامل ہیں، یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کرے گی، اور کمیٹی کو کسی بھی افسر کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان نشاط میں بگٹی خاندان کے دو گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ 2 زخمی ہو گئے، فہد بگٹی گروپ اور علی حیدر بگٹی گروپ کے درمیان فائرنگ ذاتی جھگڑے کے باعث ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک گروپ کے 3 اور دوسرے گروپ کے 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، تمام زخمی اور مارے گئے افراد آپس میں رشتہ دار ہیں۔ مرنے والے افراد میں نواب زادہ اکبر بگٹی کا بھتیجا اور بھانجا بھی شامل ہیں۔ دونوں گروہوں کا تعلق نواب زادہ اکبر بگٹی کے خاندان سے ہے اور آپس میں کزنز ہیں۔

کراچی: بگٹی خاندان کے دو گروپوں میں خونریز تصادم، 5 افراد ہلاک، 2 زخمی

مرنے والوں میں میر میثم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی، علی، فہد اور نصیب اللّٰہ شامل ہیں، جب کہ زخمی میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس کے مطابق علی حیدر بگٹی اور اس کے ملازم قائم علی کو اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ تصادم کے بعد مفرور 8 سے 9 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس تحقیقات کے مطابق تصادم میں استعمال ہونے والی ایک ڈبل کیبن گاڑی پر نمبر پلیٹ جعلی تھی، اور دوسرے پر نمبر ہی نہیں تھا، جب کہ دونوں گاڑیوں پر دونوں جانب سے فائرنگ کے نشانات موجود تھے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں