پشاور : خیبرپختونخواہ میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 14 اموات ہوئیں جس کے بعد انتقال کر جانے والے مریضوں کی تعداد 305 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 169 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد خیبرپختونخواہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 847 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں کرونا سے متاثر ہونے والے 1 ہزار 699 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن میں نرمی، خیبرپختونخواہ حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان
دوسری جانب صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے پیر سے ایس او پیز کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
ایک روز قبل صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے اور اُس کے ایس او پیز بنانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو دے دیا گیا ہے، ٹرانسپورٹرز تیل کی نئی قیمتوں کے حساب سے مسافروں سے کرایہ وصول کریں گے۔