کویت سٹی: کویت کی وزرا کونسل نے یکم جنوری سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا، کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے۔
کویتی میڈیا کے مطابق وزرا کونسل کا وزیر اعظم کویت شیخ صباح الخالد کی زیر صدارت سیف پیلس میں ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔
کونسل کو بتایا گیا کہ عزت مآب شیخ نواف الاحمد کو برادر مملکت سعودی عرب کے بادشاہ کی طرف سے پیغام موصول ہوا جس میں امیر کویت کو خلیج تعاون کونسل رہنماؤں کی مجلس اور اعلیٰ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت شامل ہے۔
وزرا کی کونسل نے مثبت برادرانہ ماحول پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا جو اس سربراہی اجلاس کے ذریعے خلیج کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور خلیج تعاون کونسل کے اتحاد کو یکجہتی اور اتحاد کو بڑھانے کی اہمیت میں ذمہ داری اور خلوص عقیدے کی عکاسی کرتا ہے۔
کابینہ نے دنیا بھر میں کووڈ 19 کی تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں وزیر صحت کی طرف سے فراہم کردہ وضاحت کو بھی سنا۔
کونسل کے مطابق اعداد و شمار کی بنیاد پر ملک میں صحت کی صورتحال مستحکم ہوگئی ہے، اعداد و شمار سے مریضوں اور اموات کی تعداد میں کمی کا اشارہ ملتا ہے کیونکہ اس وبا کے پھیلنے کے بعد سے ریکارڈ شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 49 ہزار 653 ہے۔
کونسل کے مطابق 1 لاکھ 45 ہزار 579 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 931 مریض جاں بحق ہوئے۔
وزیر صحت نے تصدیق کی کہ یکم جنوری کو سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلے کیا گیا ہے۔ کونسل نے اگلے ہفتے کے روز یعنی 2 جنوری سے روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک سمندری اور زمینی سرحدوں کو کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
وزیر صحت نے کونسل کو وزیر اعظم کی سرپرستی میں تجرباتی ویکسین کا استعمال کر کے ویکسی نیشن مہم کو نافذ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسین لینے والوں پر کسی بھی قسم کے غیر متوقع منفی اثرات کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔