لاہور: پولیس نے جڑانوالا زیادتی کیس میں ملوث تمام ملزمان کا سراغ لگالیا، گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی دو مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
لاہور کے علاقےجڑانوالا میں زیادتی کیس میں پولیس نے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے، اس حوالے سے ڈی پی اوننکانہ صاحب اسماعیل کھاڑک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے3ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی دو مقدمات درج کئے گئے ہیں، جلد اصل ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔
ڈی پی اوننکانہ صاحب نے مزید بتایا کہ زیادتی کیس کی فوری کال مددگار ون فائیو پولیس کو نہیں کی گئی تھی، متاثرہ خاتون نے جب پولیس سے رابطہ کیا اسی وقت ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ آج لاہور میں سفاک ملزمان سڑک پر کھڑی خاتون سے اجتماعی زیادتی کرکے فرار ہوگئے، پولیس نے واقعہ کے پانچ دن بعد مقدمہ درج کیا تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
لاہور کے علاقے جڑانوالا روڈ پر تھانہ مانگٹا نوالا کے قریب لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی گئی، مذکورہ مقام پر بس خراب ہونے پر سڑک پر کھڑی خاتون سے6 کار سوار افراد نے اجتماعی زیادتی کی اور فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں :لاہور میں سڑک پر کھڑی خاتون سے چھ ملزمان کی اجتماعی زیادتی، وزیراعلیٰ کا نوٹس
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار سوار افراد نے خاتون کو لفٹ دینے کے بہانے اپنے ساتھ بٹھالیا، ملزمان نے خاتون کو زبردستی نشہ پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔