اسلام آباد : کالا دھن اور چھپے ہوئے اثاثے قانونی بنانے کی ایمنسٹی اسکیم میں صرف2 دن باقی رہ گئے، اسکیم 30 جون رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی، اسکیم سے تاحال 47 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کالا دھن سفید کروانے کی اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے صرف دو دن رہ گئے، ایف بی آر نے اسکیم 30جون رات بارہ بجے تک جاری رکھنےکا فیصلہ کیا ہے ۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایمنسٹی اسکیم سےگزشتہ رات تک لگ بھگ پینتالیس ہزار افراد نے فائدہ حاصل کیا، جن میں 22ہزار مقامی اور 30ہزار پاکستان سے باہر اثاثے رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
گزشتہ رات تک اسکیم سے ایف بی آر کو سینتالیس ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا جبکہ مزید ایک سو سات ارب روپے کے چالان تیار کروائے ہیں، یہ رقم آج شام تک ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی توقع ہے۔
سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے والے فرد واحد نے پچپن کروڑ چالیس لاکھ روپے جمع کرائے تاہم ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی، ادارے کے پاس توسیع کا کوئی اختیار نہیں۔