لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تیس نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف درخواست کاتحریری حکم نامہ جاری کردیا، جسٹس راحیل کامران شیخ نے نبیل جاوید کاہلوں کی درخواست پر حکم جاری کیا۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا فریقین تیس نومبر کو جواب داخل کریں، درخواست میں اہم آئینی و قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں۔۔اٹارنی جنرل پاکستان کو عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا جاتاہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے مطابق نگران حکومت کو روز مرہ امور چلانے کا اختیار ہے لیکن پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں ہےنگران حکومت پالیسی معاملات پر فیصلے نہیں کرسکتی ۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اصلاح کی جائے ، درخواست میں وفاق سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔