اشتہار

لیبیا : یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 385 پاکستانی بازیاب

اشتہار

حیرت انگیز

لیبیا میں تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے ملک کے مشرقی علاقے میں واقع گوداموں میں چھپائے گئے 385 پاکستانی بازیاب کروا لیے۔

تفصیلات کے مطابق لیبیا میں انسانی اسمگلروں کے گوداموں پر چھاپوں میں یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تین سو پچیاسی پاکستانیوں کو بازیاب کروالیا گیا۔ یہ کارروائی لیبیا میں تارکین وطن کی مدد کرنے والی تنظیم الابرین کے اہلکاروں نے کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں کو پیر کی صبح مشرقی لیبیا کے شہر طبرق سے تقریباً پانچ میل (آٹھ کلومیٹر) جنوب میں الخویر کے علاقے سے اسمگلروں کے گوداموں سے چھڑوایا گیا۔

- Advertisement -

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چھاپے مشرقی لیبیا میں انسانی اسمگلرز کے ٹھکانوں پر مارے گئے جہاں پاکستانیوں کو چھپایا گیا تھا۔ بازیاب ہونے والے افراد میں بچے بھی شامل ہیں، تمام افراد کو پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔

مذکورہ پاکستانی شہری غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے ارادے سے لیبیا پہنچے تھے جہاں انہیں اسمگلروں نے اپنی حراست میں لے کر رہائی کے بدلے ان کے لواحقین سے تاوان طلب کیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں لیبیا سے 350 پاکستانیوں سمیت تقریباً 700 تارکین وطن کو لے کر روانہ ہونے والی ایک کشتی یونان کے ساحل کے قریب ڈوب گئی تھی۔ کشتی پر سوار صرف 104افراد کو بچایا جاسکا جن میں 12 پاکستانی بھی شامل تھے۔

پاکستانی حکام کے مطابق معاشی مشکلات کے باعث پاکستانی نوجوانوں کی اکثریت ملک چھوڑ کر یورپ جانے کے لیے خطرناک راستوں اور پرخطر سفر کا انتخاب کر رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں