بارسلونا: کرونا وائرس کے خلاف کرکٹرز کے بعد فٹبالرز بھی میدان میں آگئے ، معروف فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بارسلونا کے دو اسپتالوں کو 10 لاکھ یوروز عطیہ کردئیے۔
پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ملک کے تین اسپتالوں کے لیے مشترکہ طور پر 10 لاکھ یوروز عطیہ کیے ہیں۔
لسبون اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رونالڈو کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم سے اسپتال کے لیے 10 بستر، وینٹی لیٹرز، دل کی مانیٹرنگ مشین اور سرنجز خریدی گئی ہیں جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان
دوسری جانب سینٹو اسپتال کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم رونالڈو کی جانب سے کارخیر میں حصہ ڈالنے پر ان کے شکر گزار ہیں، رونالڈو کی امداد ملک کی موجودہ صورتحال میں کافی مددگار ہے۔
واضح رہے کہ پرتگال میں اب تک 2 ہزار 300 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ارجنٹائن میں کرونا وائرس کے 300 مریض زیرعلاج ہیں اور 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 359 ہوگئی ہے، وائرس کے باعث اموات 19 ہزار 753 سے تجاوز کرگئی ہیں، دنیا میں کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 32 ہوگئی ہے۔