مائیں جہاں ایک طرف تو اپنے بچوں کے لیے محبت، خدمت اور ایثار میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتیں، وہیں بچے بھی بعض دفعہ اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار نہایت معصومانہ انداز سے کرتے ہیں جو دیکھنے والوں کو آبدیدہ بھی کردیتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایسے ہی ایک بچے کی معصوم سی کاوش کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں ماں کے لیے خیال اور محبت کا اظہار واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔
ایرن ریڈ نامی ایک خاتون نے ٹویٹر پر 2 تصاویر پوسٹ کیں اور لکھا کہ وہ کووڈ 19 کا شکار ہو کر کمرے میں بند ہیں اور ایسے میں ان کے چھوٹے بچے نے ان کے لیے کھانا تیار کیا ہے۔
بچے نے ایک پیالے میں سلاد کے پتے اور پاستہ کے چند ٹکڑے ڈال کر کانٹے کے ساتھ ماں کے لیے رکھا ہے۔
بچے نے ساتھ میں ایک نوٹ بھی لکھا ہے جس میں تحریر ہے کہ یہ میں نے آپ کے لیے بنایا ہے، یہ بالکل بھی پرفیکٹ نہیں اور اس کے لیے میں آپ سے معذرت خواہ ہوں۔
Y’all I am sick with Covid and look what my son made for me and left on the table right outside my bedroom door 😭 pic.twitter.com/MotOlsZoA4
— Erin Reed (@ErinInTheMorn) February 18, 2023
بچے نے نوٹ اور کھانے کا پیالہ ماں کے کمرے کے سامنے میز پر رکھ دیا۔
تصاویر دیکھ کر ٹویٹر صارفین حیران اور بچے کے لیے محبت بھرے جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ نے بچے کی بہت اچھی تربیت کی ہے جس کی وجہ سے اس کا دل احساس اور محبت سے لبریز ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے یہ تصاویر دیکھ رونا آرہا ہے۔
اکثر صارفین نے ماں کے صحت یاب ہونے کی دعا اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا