لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا شیڈول تیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ذرائع نے کہا ہے کہ اسلام آباد لانگ مارچ کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، قائدین اور کارکن 25 جنوری کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق مولانا فضل الرحمان سکھر سے روانہ ہوں گے، کراچی سے بلاول بھٹو، لاہور سے مریم نواز روانہ ہوں گی، کوئٹہ سے اختر مینگل، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور محمود اچکزئی روانہ ہوں گے، جب کہ پشاور سے آفتاب شیر پاؤ اور ایمل ولی کارکنوں کی قیادت کریں گے۔
ذرائع پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے میں اعلیٰ قیادت شریک ہوگی، لانگ مارچ سے قبل 21 دسمبر کو کوئٹہ، 23 دسمبر کو مردان میں جلسے ہوں گے۔
26 دسمبر بہاولپور، 28 دسمبر سرگودھا میں اجتماعات ہوں گے، 2 جنوری خضدار، 4 جنوری کراچی میں جلسے ہوں گے، 6 جنوری کو بنوں، 9 جنوری گوجرانوالہ، 13 جنوری کو لورالائی میں جلسے ہوں گے۔
کابینہ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کا پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق لاہور جلسے میں مولانا فضل الرحمان اس شیڈول کا اعلان کریں گے۔
ادھر لاہور جلسے کے سلسلے میں بھی پیپلز پارٹی شیڈول تیار کر لیا ہے، جس کے مطابق بلاول بھٹو گجومتہ فیروز روڈ سے ریلی کی قیادت کریں گے، اس ریلی کا چونگی امرسدھو اور چوک گلاب دیوی اسپتال میں استقبال کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کلمہ چوک تک آئیں گے، اور ریلی کے شرکا مینار پاکستان پہنچیں گے۔
قبل ازیں، بلاول بھٹو، ایاز صادق کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم اجلاس اور ظہرانے میں شریک ہوں گے، وہ دیگر قائدین کے ہمراہ ایاز صادق کے گھر سے مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچیں گے، پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما مختلف ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے پہنچیں گے۔