کراچی: شہر قائد اسٹریٹ کرمنلز کے لیے جنت بن چکا ہے، وہ جب جہاں چاہتے ہیں، دن دہاڑے شہریوں اور فیملیوں کو لوٹ کر بہ آسانی نکل جاتے ہیں۔
کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں گھر کے سامنے ایک فیملی کو اس وقت لوٹا گیا، جب وہ ایک شادی میں شرکت کے لیے جا رہی تھی، اور گاڑی میں بیٹھتے وقت لٹیروں کا ہدف بن گئی۔
اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے اب گلیوں میں فیملیز کو بھی بے خوفی سے لوٹنے لگے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق فیملی جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھنے لگی، پیچھے سے موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گلی میں آ گئے اور اسلحے کے زور پر کار سوار فیملی سے لوٹ مار شروع کر دی۔
گاڑی سے بیٹری نکالنے والے چور کا انجام، عبرت ناک ویڈیو
دوسرے لٹیرے نے سامنے سے آنے والے 2 موٹر سائیکل سوار شہریوں کو بھی لوٹ لیا، مرد کو لوٹنے کے بعد لٹیرے نے کار میں آگے بیٹھی ہوئی خاتون سے بھی لوٹ مار کی، لٹیرا خاتون سے چوڑیاں مانگتا رہا اور پھر زیورات کا ڈبہ چھین کر لے گیا۔
واردات کے دوران لٹیرے 5 موبائل فون، کیش اور چوڑیاں چھین کر فرار ہو گئے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں لٹیرے کسی خوف کے بغیر واردات مکمل کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔