پیر, اپریل 28, 2025
اشتہار

بیوی سے بے مثال محبت : کھجور کا درخت اور گلاب کے ہزاروں پودے

اشتہار

حیرت انگیز

میاں بیوی کے درمیان محبت ہی ایک اچھے گھر کی بنیاد ہوتی ہے، کچھ شوہر اپنی بیوی کی خوشی کیلیے کچھ ایسا کرجاتے ہیں جو سب سے الگ اور انوکھا ہوتا ہے۔

ایسی مثالیں ہمارے معاشرے میں دیکھنے میں بھی آتی رہی ہیں، کوئی اپنی محبت کیلیے نہر کھودتا ہے تو کوئی تاج محل بنوا لیتا ہے، بیوی سے محبت کی ایک بہترین مثال مری میں بھی دیکھنے کو ملی۔

اے آر وائی نیوز مری کے نمائندے ارسلان نیاز کی رپورٹ کے مطابق بیوی کی یاد اور اس کی محبت میں سرشار مری کے رہائشی ایک شخص نے مری جیسے علاقے میں کھجور کا درخت اور گلاب کا پورا باغ سجا دیا۔

مری کے رہائشی ڈاکٹر منیر نے اپنی مرحومہ اہلیہ کی یاد میں اور ان کی خواہش کو پورا کرنے کیلیے مری جیسے پہاڑی، سرد اور اور برفانی علاقے میں ریگستانی پودا نہ صرف اگایا بلکہ 27 سال کی محنت سے اس کو ایک تناور درخت بنا دیا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر نے بتایا کہ میں نے لو میرج کی تھی اور میری اہلیہ کچھ عرصہ بیمار رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ گھر میں کھجور کا درخت اور گلاب کے پودے ہوں۔

جس کے بعد میں نے کہیں سے یہ پودا منگوایا اور بڑی محنت سے اس کی دیکھ بھال کی میری اس درخت سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں میں آج بھی اس کی پہلے کی طرح ہی دیکھ بھال کرتا ہوں۔

ڈاکٹر منیر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ میں نے گلاب کے پودے بھی لگائے اور اب میرے گھر کے باغیچے میں کئی ہزار گلاب کے پودے ہیں جو 25 مختلف رنگوں میں ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں