جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

مچھ واقعہ: وزیراعظم ، وزیر داخلہ سمیت اہم شخصیات کا اظہار افسوس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت سیاسی ومذہبی شخصیات نے مچھ میں دہشت گردوں کے بزدلانہ وار کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان مچھ بلوچستان میں گیارہ کان کنوں کےبہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مچھ میں کان کنوں پر حملہ بزدلانہ اور غیر انسانی ہے، ایف سی قاتلوں کو انصاف کےکٹہرے میں لانےکیلئے تمام وسائل استعمال کرے، جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کو حکومت کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

- Advertisement -

وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے مچھ میں کان کنوں پر حملےکی شدید مذمت کی گئی ہے، اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ افسوسناک واقعےکی جنتی بھی مذمت کی جائےکم ہے، واقعے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، اللہ شہید کے درجات بلند ، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے آمین۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات بہادر قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی مچھ واقعے کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنےکے درپے ہے، عوام سے مسترد عناصرملک میں افراتفری اور انتشار پھیلا رہے ہیں، یہ مسترد عناصر شعوری یا لاشعوری دشمن کےآلہ کار بن رہے ہیں، مگر ملک دشمن عناصر یاد رکھیں کہ انہیں اپنے مذموم عزائم میں ناکامی ہوگی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غریب گیارہ کان کنوں کا قتل دہشتگردی کی سنگین نوعیت ہے، ہر پاکستانی دہشت گردی کی مذمت کرے۔

بلاول بھٹو نے اپنی تعزیتی بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ فراہم کرے اور کان کنی سیکٹر کے مزدوروں کی حفاظت کے اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ ہوں۔

ایم کیوایم کنوینر خالدمقبول صدیقی نے بھی مچھ میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نےانتہائی سفاکی سےمزدوروں کو نشانہ بنایا، وفاقی وصوبائی حکومت دہشتگردوں کےخلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے اور مزدوروں کے اہلخانہ کی داد رسی کےلئےمالی امدادکااعلان کیاجائے۔

واضح رہے کہ آج مچھ میں گیشتری کے مقام پر ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ وار کرتے ہوئے کان کنوں کو جاں بحق کیا تھا، جاں بحق کان کنوں کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں