آلو بخارے کو بخار اور بیماری کے بعد منہ کا ذائقہ تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، مغربی ممالک میں اس کی ڈشز بنائی جاتی ہیں جو انتہائی لذیذ ہوتی ہیں لیکن آپ اس بات سے لاعلم ہوں گے کہ آلو بخارا خون کی کمی بھی حیرت انگیز رفتار سے پوری کرتا ہے۔
برصغیر پاک و ہند میں آلو بخارے کو زیادہ تر دوائی کے طور استعمال کیا جاتا ہے، اس پھل میں چکنائی، پروٹین، وٹامن اے، بی، سی، کے اور ای پائے جاتے ہیں، اس میں آئرن، سوڈیم، کیلشیم، پوٹاشیم اور میگنیشم کثرت سے پائے جاتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق یہ پھل کینسر کے امکان کو ختم کرتا ہے، جسمانی اور دماغی صحت کے لیے مفید ہے، جسم میں کولیسٹرول کی شرح کو کم کرتا ہے اور جگر کی صحت کے لیے اکسیر مانا جاتا ہے۔
آلو بخارے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، رگوں اور ہڈیوں کے امراض میں اس کا استعمال مفید مانا جاتا ہے، گرمیوں میں آلو بخارے کے شربت کے استعمال سے گرمی دانوں سے نجات ملتی ہے اور گرم موسم میں یہ فرحت اور تازگی فراہم کرتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے خون کی کمی دور ہوجاتی ہے اور یہ چھاتی کے سرطان سے بچاؤ میں معاون ہے، شوگر کے مریض بھی اسے کھا سکتے ہیں، آلو بخارا بالوں، جلد اور بینائی کے لیے بھی مفید ہے۔
خشک آلو بخارے کا جوس جسم میں آئرن کی کمی کو دورکرنے میں مدد دیتا ہے، آئرن کی کمی کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے جو اینیمیا یعنی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے، آلو بخارے کے جوس کا آدھا کپ جسم کو تین ملی گرام آئرن فراہم کرتا ہے، اسطرح خون کی کمی کے مسئلے سے باآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔