کراچی : پولیس نے ملیرشمسی سوسائٹی میں باپ کے ہاتھوں تین بیٹیوں اوراہلیہ کے قتل کا مقدمہ زخمی فواد کے خلاف درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں باپ کے ہاتھوں 3 بیٹیوں اور اہلیہ کے قتل کے واقعے پر کورنگی پولیس نے زخمی فواد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ کوشش کریں گے مقتولہ کے بھائی کو کیس کامدعی بنائیں، اگر مقتولہ کا بھائی مدعی نہ بناتوسرکارکی مدعیت میں مقدمہ درج ہوگا۔
حکام کا کہنا تھا کہ مقدمہ قتل اوراقدام خودکشی کی دفعات کے تحت درج ہوگا۔
یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں تین بیٹیوں اور ماں کے قتل کی لرزہ خیز واردات کا واقعہ پیش آیا ، ملیر شمسی سوسائٹی میں چاروں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا ملزم فواد نے بیوی بچوں کو قتل کرنےکےبعد خودکشی کی کوشش کی، قتل کیے گئے افراد میں زخمی فواد کی اہلیہ ہما، سولہ سالہ بیٹی نیہا، بارہ سالہ بچی فاطمہ اور دس سالہ بچی ثمرہ شامل تھی۔
ملزم فوادنےابتدائی بیان میں بتایا کہ قرض واپس کرنا تھا۔۔جس کی وجہ سے پریشان رہتا تھا۔