لندن میں مبینہ طور پر ایک شخص نے ترکیہ کے قونصل خانے کے سامنے قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی اور اس دوران اس پر قاتلانہ حملہ بھی ہوا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں یہ واقعہ جمعرات کی سہ پہر لندن کے نائٹس برج میں واقع ترکیہ کے قونصل خانے کے سامنے پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص نے ایک کتاب کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے یہ قرآن مجید ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایک اور ویڈیو میں اس شخص کو سڑک پر لیٹے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جہاں اس پر دوسرے نامعلوم شخص نے تشدد کیا اور چاقو نکال کر حملہ بھی کیا۔
مبینہ مقدس کتاب کو نذر آتش کرنے والے شخص کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
ادھر پولیس نے بتاہا کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ایک شخص پر حملہ کیے جانے کی اطلاع کے بعد 13 فروری 2025 بروز جمعرات 14:11 بجے پولیس رٹ لینڈ گارڈنز پہنچی۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو انگلی پر چوٹیں آنے پر اسپتال لے جایا گیا، افسران چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئے اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔