کیف: یوکرین کے مقامی اسٹور کی جانب سے مفت آئی فون دینے کا اعلان ہونے کے بعد اسمارٹ فون کا جنون رکھنے والے 20 سالہ نوجوان نے اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی یورپ کے ملک یوکرین کے رہائشی نوجوان نے مقامی اسٹور کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے بعد اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 جیت لیا۔
مقامی اسٹور کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایسے 5 افراد کو آئی فون 7 مفت فراہم کیا جائے گا جو اپنا نام اس سے منسوب کرلیں گے۔ اس ضمن میں اسمارٹ فون کا جنون رکھنے والے 20 سالہ نوجوان نے سرکاری دستاویزات میں اپنا نام تبدیل کروانے کی درخواست دی۔
الیگزنڈرٹورینو کی درخواست پر انتظامیہ نے اُس کا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 رکھنے کی اجازت دے دی، نوجوان نے نام تبدیل ہونے کے بعد مقامی اسٹور کا رخ کیا اور اُن کو اپنی دستاویزات دکھائیں جس پر انہوں نے وعدے کے مطابق نوجوان کو نیا آئی فون 7 بالکل مفت دے دیا۔
پڑھیں: دنیا کا سب سے چھوٹا اور سستا اسمارٹ فون متعارف
دکان کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’ہم اپنی پیش کش پر قائم ہیں اور چار آئی فون 7 ایسے لوگوں کے لیے مختص کیے ہوئے ہیں جو اپنے نام اس سے منسوب کرلیں گے‘‘ ۔
نوجوان کے گھر والوں نے نام تبدیل ہونے پر حیرانی کیا تاہم انہوں نے کہا کہ 850 ڈالر کا فون جیتنے کے لیے یہ ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ اُن کی بہن نے کہا کہ اس بات کو تسلیم کرنا بہت مشکل ہے مگر زندگی میں سہولیات حاصل کرنے کے لیے کٹھن راستوں سے گزرنا ہوتا ہے۔
خیال رہے یوکرین میں آئی فون 7 ، 850 امریکی ڈالر میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ اس ملک میں نام کی تبدیلی کے لیے صرف 2 امریکی ڈالر کے اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔