پیر, اکتوبر 7, 2024
اشتہار

سانحۂ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کل کوئٹہ جائیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی/لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں نواز شریف اور مریم کے ترجمان محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گی۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کر دیں، مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

- Advertisement -

ذرایع بلاول ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے، بلاول ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے میں شریک ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہم راہ ہوں گے۔

‘ہوسکتا ہے وزیراعظم آج رات یا کل کوئٹہ آجائیں’

خیال رہے کہ کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے کو 4 دن بیت چکے ہیں، مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے میں ورثا لاشوں سمیت احتجاج کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں 3 جنوری کو  11 کان کنوں کو بہیمانہ طور پر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد نہ صرف بلوچستان بلکہ کراچی میں بھی مظاہرے اور دھرنے شروع ہو چکے ہیں۔

آج وزیر اعظم عمران خان نے مچھ واقعے کے لواحقین سے اپنے پیاروں کی تدفین کی دراخوست کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلد کوئٹہ آ کر شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کروں گا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے وزیر اعظم آج رات یا کل کوئٹہ جائیں۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں