اشتہار

’الیکشن ہوگا لیکن اس سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہوگا‘

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن تو ہوگا لیکن اس سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہوگا۔

قصور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی پوری کوشش کی گئی، آج پوری قوم عمرانی فتنے کو پہچان چکی ہے، سہولت کاروں کے جانے کے بعد ماسک اترا تو گھڑی چور نکلا، پوری دنیا جان گئی یہ فتنہ حکومت میں ہو تو پاکستان کی تباہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ گدھے کے اوپر لکیریں لگا کر زبیرا بنانے کی کوشش کی گئی لیکن جب وہ لکیریں مٹ گئیں اب وہ گدھا ریاست کو دو لتیاں مار رہا ہے، جو کہتا تھا قانون سب کے لیے برابر ہے وہ آج قانون کا مفرور ہے، عدالت کہہ رہی ہے کہ پیش ہو تو پلاستر لگا کر بیٹھ جاتا ہے، پولیس آتی ہے تو منجی کے چھپ جاتا ہے، کہتا ہے میری بیوی گھر پر اکیلی تھی، تو کیا جو پولیس پر پیٹرول بم مار رہے تھے وہ تمہار ے موکل تھے؟

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کو بلا کر پنجاب پولیس پر حملہ کرایا گیا، 75 سالہ تاریخ میں ایسا بزدل آدمی نہیں دیکھا، پہلے تو نکلتا ہی نہیں اور جب نکلتا ہے تو جنگلے والی گاڑی میں بیٹھ جاتا ہے پھر وہ کالا گھونگٹ پہن کر دلہن بن جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے کہتا ہے کہ خوف کے بت توڑ دو، اس کے اپنے بچے لندن میں محفوظ ہیں، قوم کے بچوں کو ملک کی سڑکوں پر مار کھانے کے لیے چھوڑ دیا ہے، یہ روز اپنے قتل کی نئی کہانی سناتا ہے، ایسے آدمی کو چڑیا گھر میں رکھنا چاہیے اور ٹکٹ لگانا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں