لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کو 10 سال سزا ہوگئی اور اس کا مستقبل بھی تباہ ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مکافات عمل بھگت رہے ہیں، یہ کیسی سیاست ہے فوجی اگر ساتھ ہیں تو بہت اچھے اگر ساتھ نہیں تو انہیں گولیاں مار کر شہید کردو اور وردیوں کو ڈنڈوں پر ٹانگ دو۔
مریم نواز نے کہا کہ اب 10 سال بعد جب حسان نیازی رہا ہوں گے تو دنیا بدل گئی ہو گی۔ حسان نیازی نے جو کیا اس کے نتیجے میں اس کا مستقبل تباہ ہو گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے اسلام آباد میں چڑھائی کی گئی۔ جبکہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے سر پر کیلوں والے ڈنڈے مارے گئے، جلاؤ گھیراو کرنے والے بچوں نے معافی مانگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کے اپنے بچے باہر ہیں وہ دوسروں کے بچوں کو کہتا ہے جلاو گھیراؤ کرو۔ اور ہمیں مکافات عمل کا کہتے تھے تو آج وہ بھی بھگت رہے ہیں، تہذیب کے دائرے میں رہ کر سیاسی مخالفت کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کسی کے بہکاوے میں نہ آنا، جو آپ کو کہتا ہے ملک کو جلادو، آگ لگادو وہ آپ کا مخلص نہیں، وعدہ کرو کچھ بھی ہوجائے ملک کے خلاف نہیں جاؤ گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی نظریہ رکھنا سب کا حق ہے مگر ماں کی طرح سمجھاوں گی۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور ماں بچوں میں تفریق نہیں کرتی۔