تازہ ترین

گیٹڈ کمیونٹیز مسئلہ ہیں، آلائشیں اٹھانے کے لیے رسائی نہیں ملتی: میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر قائد کی گیٹڈ کمیونٹیز کو مسئلہ قرار دے دیا ہے، انھوں نے کہا گیٹڈ کمیونٹیز مسئلہ ہیں، آلائشیں اٹھانے کے لیے رسائی نہیں ملتی۔

تفصیلات کے مطابق آج عید کے دن آلائشوں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں گیٹڈ کمیونٹیز مسئلہ ہیں، وہاں سے ہمارے ساتھ تعاون نہیں ہوتا، جب میں نے سولڈ ویسٹ کے عملے سے بات کی تو انھوں نے بتایا کہ شہر کے اندر جتنی بھی گیٹڈ کمیونٹیز ہیں وہ سولڈ ویسٹ کے عملے کو رسائی نہیں دیتیں تاکہ وہ وہاں سے آلائشیں اٹھا سکیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا میں گیٹڈ کمیونٹیز کو پیش کش کرنا چاہتا ہوں، معمار ہو، نیول ہاؤسنگ اسکیم ہوں، کارساز کا ایریا ہو، علی گڑھ سوسائٹی ہو، میرٹھ سوسائٹی ہو، نیا ناظم آباد ہو، جتنی بھی گیٹڈ سوسائیٹیز ہیں، وہ اپنے ہاں کوئی کیلکشن پوائنٹ بنا لیں، میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ سولڈ ویسٹ کا عملہ آ کر وہاں سے آلائشیں اٹھائے گا۔

انھوں نے کہا مجھے امید ہے کہ حافظ صاحب اپوزیشن کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے، لیکن ان کے ٹاؤن چیئرمین حکومت کا حصہ ہیں، ان کی ذمہ داری ہے انتظامیہ کے ساتھ ملک کر کام کرنا۔

مرتضٰی وہاب نے کہا چار دن میں مسائل حل کرنے کی صرف باتیں ہی کی جا سکتی ہیں، کراچی میں پانی کی جتنی سپلائی کی ضرورت ہے، اس کا پچاس فی صد سپلائی ہوتا ہے، وفاق کی طرف سے یہ مختص ہوتا ہے اور کھینجر کے ذریعے یہاں آتا ہے، اگر کوئی تیس مار خان چار دن تو کیا 6 ماہ میں بھی کھینجر سے جو 110 کلو میٹر دور ہے، لائن کھینچ کر لے آئے تو میں اسے سیلوٹ پیش کروں گا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں آلائشوں کو فوری طور پر اٹھایا جا رہا ہے، شہر میں 110 مقامات پر آلائشیں جمع کی جائیں گی، بلا تفریق شہر بھر میں آلائشیں اٹھائی جا رہی ہیں، اس کے لیے بڑے ٹرک اور چھوٹی گاڑیاں ہوں گی، اور 25 ہزار عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے، شہریوں سے درخواست ہے آلائشوں کو گٹر، نالیوں میں نہ پھینکیں۔

Comments

- Advertisement -