اشتہار

پرویز الٰہی کا ایاز صادق اور سعد رفیق سے آمنا سامنا، سرگوشیوں میں کیا گفتگو ہوئی؟

اشتہار

حیرت انگیز

پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الہٰی کی وفاقی وزرا اور ن لیگی رہنماؤں ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سے ملاقات ہوئی اس موقع پر ان کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی رہائشگاہ پہنچ کر ان سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے بھی ٹیلیفون پر پرویز خٹک سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ چوہدری پرویز الہٰی اور خواجہ سعد رفیق نے آپس میں مصافحہ کیا جب کہ ایاز صادق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے گلے ملے اس دوران ان کے درمیان سرگوشیوں میں ملک کے موجودہ سیاسی بحران پر مختصر گفتگو بھی ہوئی اور دونوں طرف کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بحران کا حل نکلنا چاہیے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر سعد رفیق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے کہا کہ ہمارا تو آپ سے رابطہ ہے سنا ہے پی ٹی آئی نے نام تبدیل کر دیے ہیں۔

اس موقع پر پرویز الہٰی نے کہا کہ نگران حکومت کی مدت ختم، پنجاب اور کے پی کے حوالے سے پٹیشنز دائر کر دی ہیں۔ تمام جماعتیں سپریم کورٹ کے احترام اور عزت پر قائم رہیں تاکہ ایک دن اکٹھا الیکشن ہوسکیں۔

اس دوران یہ نقطہ بھی زیر بحث آیا کہ نگران حکومت کی مدت ختم ہونے پر اب نیا بحران آ گیا ہے۔ پنجاب اور کے پی اسمبلی کی بحالی بھی بحران حل کرنے اور آئندہ انتخاب کی ایک تاریخ میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ اکتوبر میں ایک ہی وقت میں الیکشن کیلئے ضروری ہے کہ دونوں صوبائی اسمبلیاں بحال ہو جائیں۔ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بحال ہو جائیں تو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔

مذکورہ سیاسی رہنماؤں کی یہ بھی رائے تھی کہ حکومت اور اپوزیشن تجاویز کا جائزہ لیں تاکہ مذاکرات کی میز پر مسائل حل کیے جائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں