ارجنٹائن کو 36 سال بعد فٹبال کا عالمی چیمپئن بنانے والے اسٹار کپتان لیونل میسی نے ایک اور عالمی ریکارڈ بنا لیا اور سب سے زیادہ ٹرافیاں جیتنے والے فٹبالر بن گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیونل میسی نے اتوار کو امریکا کے فٹبال کلب انٹر میامی کو لیگز کپ میں کامیابی دلا کر کلب کے لیے اپنی پہلی ٹرافی جیتی تو یہ مجموعی طور پر اسٹار کھلاڑی کی 44 ویں ٹرافی تھی۔
اس ٹرافی کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا میں سب سے زیادہ 44 ٹرافیاں جیتنے والے واحد فٹبالر کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میسی جنہوں نے سات بار بیلن ڈی ایوارڈ جیت رکھے ہیں انہوں نے ارجنٹائن کو فیفا ورلڈ کپ 2022 سمیت 5 ٹائٹل جتوائے جب کہ اپنے کلب کیریئر میں بارسلونا کلب کے لیے لالیگا اور یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ سمیت 35 ٹائٹل بھی حاصل کر چکے ہیں۔
میسی اب تک اپنے نئے کلب انٹر میامی کیلیے سات میچز میں 10 گول کر چکے ہیں جبکہ بدھ کو یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں ان کی ٹیم سنسناٹی سے مقابلہ کرے گی تو ان کے پاس ایک اور فائنل میں پہنچنے کا موقع ہوگا۔ اس طرح ان کی ٹرافیوں کی تعداد میں ایک اور کا اضافہ ہو سکتا ہے۔