اشتہار

ایکس پر پابندی کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟ حکومت نے وجوہات بتادیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزارت داخلہ نے ایکس پر پابندی کے فیصلے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، جس میں بندش کی وجوہات بتائی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایکس کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، وزارت داخلہ نے ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر رپورٹ جمع کرادی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایکس کی بندش کیخلاف درخواست قانون و حقائق کے منافی ہے، قابل سماعت نہیں، ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ میں کہنا تھا کہ پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی، حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہ ہونے پر ایکس پر پابندی لگانا ضروری تھا۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ ایکس سے چیف جسٹس کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے اکاؤنٹس کو بین کرنےکی درخواست کی تاہم ایکس حکام نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی درخواست کو نظر انداز کیا، جواب تک نہ دیا، ایکس حکام کا عدم تعاون ایکس کیخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 17 فروری کوایکس کی بندش کے احکامات جاری کیے، ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا۔

وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ جھوٹی معلومات کی ترسیل کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، چند شر پسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عدم استحکام کو فروغ دینے کیلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں بلکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا قانون کے مطابق ذمہ دارانہ استعمال ہے، وزارت داخلہ پاکستان کے شہریوں کی محافظ اور قومی استحکام کی ذمہ دار ہے۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر بھی بین لگایا گیا تھا،ٹک ٹاک کی جانب سے پاکستانی قانون کی پاسداری کے معاہدے پر دستخط کے بعد بین کو ختم کیاگیاتھا، ایکس کی بندش آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف وزری نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جاتی ہے، استدعا ہے کہ ایکس کی بندش کیخلاف درخواست کو ابتدائی مراحل میں ہی خارج کردیا جائے۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ پابندی کا فیصلہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی متعدد رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا،ایکس بندش کافیصلہ امن وامان اورقومی سالمیت کے تحفظ کیلئے کیا گیا دشمن عناصر ملک میں افراتفری کی صورتحال پیداکرنےکےعزائم رکھتے ہیں اور ایکس پر تشدد پراکسانےوالا مواد اپ لوڈ کرتےہیں، ان اقدامات سےامن وامان اور نیشنل سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، ایکس پرپابندی ان عناصرکو ان کے تباہ کُن مقاصدحاصل کرنےسےروکنے کیلئے لازم اقدام ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں