پیر, جولائی 8, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ فاتح بھارتی ٹیم کی وکٹری پریڈ میں بد انتظامی، کئی مداح زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کی میرین ڈرائیو ممبئی میں وکٹری پریڈ میں بدانتظامی کے باعث بھگدڑ مچ گئی کئی افراد زخمی اور بے ہوش ہوگئے۔

انڈین میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے اعزاز میں گزشتہ شب ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بلیو شرٹس کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، اس سے قبل میرین ڈرائیو پر کھلاڑیوں کی وکٹری پریڈ ہوئی اور کھلاڑیوں سمتی ٹیم انتظامیہ کے اراکین کو کھلی بس میں لایا گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کی فتح کا جشن منانے اور کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے عوام کا سمندر امڈ آیا۔ تاہم ان کا وکٹری پریڈ دیکھنے کے لیے وہاں آنا ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا کیونکہ عوام کے ہجوم اور بد انتظامی کے باعث وہاں بھگدڑ مچ گئی اور کئی لوگ زخمی ہونے کے ساتھ دم گھٹنے سے متعدد افراد بے ہوش بھی ہوگئے۔

- Advertisement -

مقامی میڈیا نے متاثرین اور عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے آنے سے قبل ہی میرین پر آنے والے تمام راستے اور گلیوں کو بند کر دیا تھا اور صورتحال یہ ہوگئی تھی کہ جب کھلاڑیوں کی بس پریڈ میں پہنچی تو وانکھیڈے اسٹیڈیم کے باہر پھنس گئی تھی۔
عوام نے شکایت کی کہ ہجوم کے باعث کئی افراد دم گھٹنے سے بے ہوش بھی ہوئے جب کہ وہاں موجود پولیس نے اس صورتحال سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے۔
ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ جیسے جیسے لوگوں کی بھیڑ بڑھ رہی تھی، صورتحال خراب ہوتی جا رہی تھی جب کہ وہاں قریب پولیس بھی چوکس نہیں تھی۔ اسی بھگدڑ کے دوران میں گر گیا اور دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگیا، مجھے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔

ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ میں اپنے دفتر سے واپس آ رہا تھا کہ وکٹری پریڈ کے مقام پر
جمع لوگوں کے ہجوم میں بھگدڑ مچتے دیکھی اور کئی لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے جب کہ اس موقع پر وہاں موجود پولیس حالات کو قابو کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب عوام کا ہجوم کچھ کم ہوا تو پتہ چلا کہ کئی گاڑیوں کو بھی اس
بھگدڑ کے دوران نقصان پہنچا جب کہ سڑک پر مداحوں کی چپلیں اور جوتے دور دور تک پھیلے ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سڑک پر موجود ایک کھمبا بھی ٹوٹا جبکہ شہری بے شمار کچرا بھی وہیں چھوڑ گئے۔ علاوہ ازیں کئی شہریوں نے ٹریفک میں پھنس جانے اور بدانتظامی کی شکایات بھی کیں۔

دوسری جانب وکٹری پریڈ میں شریک مداحوں کو اوپن بس میں کھلاڑیوں کے کئی قابل دید مناظر دیکھنے کو ملے جب ویرات اور شرما نے ایک ساتھ ٹرافی کو تھام رکھا تھا اور وہ بڑی تعداد میں شائقین کے آنے پر ان کا شکریہ ادا کر رہے تھے۔

بعد ازاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمپئن کپتان روہت شرما نے کہا کہ یہ ٹرافی پوری قوم کے لیے ہے۔ ان تمام کھلاڑیوں کے ساتھ جنہوں نے ملک کی نمائندگی کی ہے، ہم اسے اپنے مداحوں کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے 11 سال سے انتظار کیا ہے۔ ممبئی کبھی مایوس نہیں ہوتا ہے۔ ہمارا شاندار استقبال ہوا۔ پوری ٹیم اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ آج میں بہت خوش اور راحت محسوس کر رہا ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں