تازہ ترین

مودی نے راہول گاندھی کے چُبھتے سوالات پر چُپ سادھ لی؟

بھارت میں اپوزیشن لیڈر کانگریس رہنما راہول گاندھی نے گوتم اڈانی معاملے پر کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے میرے سوالات کے جواب نہیں دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی پر صنعتکار گوتم اڈانی کے دفاع کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر مودی کو اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دینا چاہیے۔

گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے فوری بعد راہول گاندھی نے اس کا ترکی بہ ترکی جواب بھی دے ڈالا اور پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مودی پر گوتم اڈانی کا دفاع کرنے کا الزام عائد کردیا۔

اپوزیشن رہنما نے گوتم اڈانی اور ہنڈن برگ تنازع کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہوگیا کہ مودی اڈانی کا دفاع کر رہے ہیں۔ میں وزیراعظم کی تقریر سے مطمئن نہیں ہوں انہوں نے اپنے خطاب میں انکوائری کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، انہیں اس معاملے پر انکوائری کا حکم دینا چاہیے تھا۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ میں نے چند سادہ سوالات پوچھے تھے لیکن انہوں نےاس کا جواب بھی نہیں دیا جس سے حقیقت آشکار ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ راہول کے اس بیان سے قبل نریندر مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ کروڑوں لوگوں کا ان پر اعتماد ان کی حفاظتی ڈھال ہے جس کو ان کے ناقدین کی طرف سے بدسلوکی اور الزامات سے توڑا نہیں جا سکتا۔

آج ہندوستانی قوم پوچھ رہی ہے کہ آخر گوتم اڈانی ہے کون؟ راہول گاندھی کے انکشافات

انہوں نے کہا تھا کہ دنیا اس وقت امید کے ساتھ بھارت کی طرف دیکھ رہی ہے لیکن کچھ مایوس لوگوں کو ہندوستان کی ترقی قبول نہیں وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی کامیابی کو نہیں دیکھنا چاہتے۔

Comments

- Advertisement -