بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

بھارت جو ٹیرف لگائے گا ویسا ہی جوابی ٹیرف لگایا جائیگا، ٹرمپ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت جو ٹیرف لگائے گا ویسا ہی جوابی ٹیرف لگایا جائیگا، یہ بات انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی، گزشتہ دور صدرات میں بھی بھارتی وزیراعظم مودی سے بہتر تعلقات رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو تیل اور گیس فراہم کریں گے، ہمارے پاس بہت تیل اور گیس ہے جو بھارت کو دے سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مودی بھارت میں اچھا کام کر رہےہیں یہ بڑے لیڈر ہیں۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرٹرمپ نے کہا کہ بھارت امریکی برآمدات پر جو ٹیرف لگائے گا ویسا ہی جوابی ٹیرف لگایا جائیگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت نے امریکا کو 70فیصد تک ٹیرف دیا ہوا ہے، بھارت کے ساتھ 100ارب ڈالرز کی تجارت تک جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے دورے سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، بھارت کو سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرینگے۔

بھارتی وزیراعظم سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات ہوئی، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے میدان میں بھارت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہیگا،۔

ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ ایف 35سمیت کئی ارب ڈالر کا فوجی سامان بھارت کو دیں گے، ملٹری کے سازو سامان میں مزید اضافہ کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ساتھ جو پرچیاں لکھ کر لائے اور انہیں دیکھ کر پڑھتے رہے، مودی نے پرچیوں پر لکھا بیان کئی بار پڑھا۔

نریندر مودی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر بھارت کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اعتماد کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے، امریکا کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ مجھے دوبارہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے، امریکی صدر سے ایک بات سیکھی ہے کہ وہ قومی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر اعظم نے بتایا کہ میں نے روس یوکرین جنگ کے موقع پر روسی صدر پیوٹن سے کہا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے بیٹھ کر مذاکرات کیے جائیں۔

بھارتی وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ آج امریکی صدر سے ملاقات میں کئی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پربات چیت ہوئی ہے، آرٹیفشل انٹیلی جنس سے لے کرخلائی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں امریکی یونیورسٹیوں کو بھارت میں کیمپس کھولنے کی دعوت دینے کے ساتھ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کو دورہ بھارت کی دعوت دی ۔

واضح رہے کہ ماضی میں یہ دونوں رہنما ایک دوسرے کو دوست قرار دیتے رہے ہیں، مودی کا امریکی دورہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب بھارت امریکا تعلقات کو ٹرمپ کی ٹیرف دھمکیوں اور ملک بدری کے حقائق سے آزمایا جارہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں