اشتہار

محسن نقوی کا لاہور میں سرکاری ہائی اسکول کا دورہ، 7 سال سے انٹر کلاسز نہ ہونے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج لاہور میں گورنمنٹ پائلٹ ہائی اسکول وحدت روڈ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں اساتذہ کی موجودگی کے باوجود کلاسز نہ ہونے پر وہ سخت برہم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وحدت روڈ اسکول کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے کلاسز کا معائنہ اور آشوب چشم کی ایس او پیز کا جائزہ لیا، اسکول میں 11 ویں اور 12 ویں کلاسز نہ ہونے پر انھوں نے سیکریٹری اسکولز کی سخت سرزنش کی۔

وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ 7 سال سے اسکول میں 11 ویں اور 12 ویں کی کلاسز کیوں نہیں ہو رہیں؟ ان کے سوال پر اسکول انتظامیہ اور محکمہ اسکولز تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جس پر وزیر اعلیٰ نے اسکول انتظامیہ اور محکمہ اسکولز افسران کو شام کو ایوان وزیر اعلیٰ طلب کر لیا۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا یہ قابل قبول نہیں ہے کہ اسکول میں 7 سال سے ٹیچرز ہونے کے باوجود کلاسز نہیں ہو رہیں، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اسکول میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی جائزہ لیا، پلانٹ خراب ہونے پر اسکول انتظامیہ پر انھوں نے شدید اظہار ناراضی کیا اور کہا ’’آپ بچوں کو زہر پلا رہے ہیں اور آپ کو شرم نہیں آ رہی۔‘‘

محسن نقوی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا ’’میں آشوب چشم کے حوالے سے اسکولوں کا دورہ کر رہا تھا، ایک اسکول کا دورہ کیا وہاں مجموعی طور پر 60 ٹیچرز ہیں جن میں سے 35 الیکشن ڈیوٹی پر گئے ہوئے ہیں، باقی 25 ٹیچرز میں سے 3 چھٹی پر گئے ہوئے تھے، ابھی وہاں سے آ رہا ہوں تو وہاں 10 یا 12 ٹیچر موجود تھے، اور اس اسکول میں 1650 بچے ہیں جنھیں 12 ٹیچر پڑھا رہے تھے۔

جنرل بلال اکبر، جنرل ظہیرالاسلام، موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی بھی اس اسکول سے پڑھے ہیں، یہ اسکول دیکھ کر مجھے اتنا افسوس ہے کہ بتا نہیں سکتا، اس وقت محکمہ ایجوکیشن میں ساڑھے 5 لاکھ بندہ موجود ہے، اگر بچوں کو یہی معیار تعلیم دینا ہے تو اس سے بہتر ہے کہ سرکاری اسکول بند کر دیں۔

انھوں نے کہا ایک کلاس روم میں میرا کچھ زیادہ وقت لگا، ان بچوں کا کل اسلامیات کا پیپر تھا، بچوں نے کہا ہم سے امتحان لے رہے ہیں مگر کوئی پڑھاتا ہی نہیں، بچوں کی کتابیں اور کاپیاں دیکھیں تو خالی پڑی ہوئی تھیں، جو ٹیچر پڑھانے آتا ہے وہ بھی موبائل فون پر لگے رہتے ہیں یا کلاس میں سو جاتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں