کراچی : اسٹیٹ بینک نے آئندہ دوماہ کیلئے بنیادی شرح سود میں نصف فیصد کی کمی کر دی، جس کے بعد شرح سود چھ فیصد کی سطح پر آگئی جو کہ پاکستان کی تاریخ کی کم ترین سطح ہے ۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے، مرکزی بینک نے معاشی اشاریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ میں پچاس بیسیس پوائنٹس کی کمی کا اعلان کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی کی شرح بارہ سال کی کم ترین سطح پر ہونے کے باعث بنیادی شرح سود میں کمی کی گئی ہے ۔
مانیٹر پالیسی اعلامیہ کے مطابق مرکزی بینک نے رواں مالی سال کیلئے مہنگائی کی پیش گوئی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، رواں مالی سال افراط زر کی شرح ساڑھے چار سے ساڑھے پانچ کے درمیان ہے تاہم بجلی اور خام تیل کی قیمتوں میں متوقع اضافے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے ۔