لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف چالان تیار کرلیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے چالان میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا ہے۔
اس کے علاوہ شہباز شریف خاندان کے ملازمین سمیت17سے زائد افراد کو بھی مذکورہ چالان میں نامزد کیا گیا ہے، چالان میں شریف فیملی کا سی ایف او محمد عثمان بھی ملزم نامزد ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے چالان کو پیش کرنے کے لیے حتمی شکل دی جارہی ہے اور کل بروز ہفتہ11دسمبر کو عدالت میں چالان جمع کروانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بینکنگ جرائم کورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی ہے، ایف آئی اے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں بینکنگ کرائم کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبر تک توسیع کردی تھی۔