ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

منی گرام کا 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالرتک لےجانے کااعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، اپنا کاروبار بڑھانے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے میڈیا سے گفتگو میں 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالرتک لےجانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا اس وقت پاکستان میں 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ، منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان نے پیشرفت کی ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان میں25 کروڑ ڈالرخرچ کررہےہیں۔

سی ای او منی گرام کا کہنا تھا کہ رقوم بھیجنے اورموصول کرنیوالےکی شناخت یقینی بنائی جائے گی، پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، پاکستان میں اپنا کاروبار بڑھانے جارہے ہیں، قانونی طریقے سےرقوم کی ترسیل یقینی بنائی جائےگی۔

مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کی منی گرام انٹرنیشنل کے وفد سے ملاقات

- Advertisement -

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے منی گرام انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی تھی ، وفد کی قیادت منی گرام کے سی ای او مسٹر ولیم الیگزینڈر نے کی، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبد الررزاق داؤد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے کمپنی کی ملکی معیشت میں دلچسپی اور کاروبار کے فروغ کی خواہش کا خیر مقدم کیا اور رواں مالی سال ترسیلات میں نمایاں اضافے سے متعلق وفد کو آگاہ کیا، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آنے والے برسوں میں ترسیلات میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

وزیر اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی رقم وطن بھیجنے میں ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ترسیلات میں بہتری کے لیے حکومت پرکشش پیکج پر کام کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، مستقبل قریب میں پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔

خیال رہے منی گرام انٹرنیشنل عالمی سطح پر تسلیم شدہ امریکی منی ٹرانسفر کمپنی ہے ، جو ترسیلات زر وطن بھجوانے میں معاونت فراہم کر رہی ہے،کمپنی 200 سے زائد ممالک میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں