تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

دنیا کے حسین ترین سانپ

سانپ کا نام سنتے ہی انسان کے جسم پر کپکپی طاری ہو جاتی ہے سانپ کے ڈسنے سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات انڈیا میں ہوتی ہیں لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں خوبصورت سانپ بھی پائے جاتے ہیں ۔ یہ تحریر دنیا کے دس خوبصورت ترین سانپوں کے متعلق ہے۔

ان حسین سانپوں میں کچھ انتہائی زہریلے ہیں تو کچھ بے ضرر بھی ہیں اور گھروں میں پالے جاسکتے ہیں، یاد رکھیں ہر سانپ زہریلا نہیں ہوتا، دنیا میں ہر سال کئی افراد صرف اسی خوف سے مرجاتے ہیں کہ انہیں سانپ نے کاٹ لیا ، حالانکہ وہ سانپ زہریلا نہیں تھا۔

ان حسین سانپوں سے ملنے سے پہلے یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ اگر کبھی آپ کو سانپ کاٹ لے تو گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں ، جس جگہ سانپ نے کاٹا ہے وہاں سے کچھ اوپر کوئی رسی یا پٹی کس کر باندھ لیں اور فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر علامات دیکھ کر طے کرے گا کہ آیا سانپ زہریلا تھا یا نہیں اور اسی حساب سے علاج کرے گا ، یاد رکھیں سانپ کا زہر صرف فلموں میں چوسا جاسکتا ہے ، حقیقی زندگی میں ایسا ممکن نہیں ہے۔

10-مشرقی انڈیگو چوہا سانپ

Indigo Eastern Rat Snake

(Drymarchon couperi)

یہ ایک بڑا اور غیر زہریلا سانپ ہے جس کا تعلق سانپوں کی فیملی Colubridae سے ہے۔ یہ سانپ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے مشرقی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ امریکہ کا سب سے لمبا سانپ بھی ہے۔

9- ہنڈورا کا دودھیا سانپ

Handuran Milk Snake

(Lampropeltis triangulum hondurensis)

یہ ایک لمبا اور غیر زہریلا سانپ ہے جس کا تعلق سانپوں کی فیملی Colubridae سے ہے۔ یہ ایک عام پالتو سانپ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ اس کی جسامت 5 فٹ تک ہو سکتی ہے۔ یہ سانپ شمال مشرقی کوسٹا ریکا میں پایا جاتا ہے۔

8-ٹیکساس کا سفید چوہا سانپ

Leucistic Texas Rat Snake

(Elaphe obsoleta lindheimeri )

امریکی ریاست ٹیکساس میں پایا جانے والا یہ چوہا سانپ عام طور پر بھورا ہوتا ہے لیکن ان میں کچھ سانپ سفید رنگ کے بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔ چونکہ یہ ایک غیر زہریلا سانپ ہے اس لئے بہت سے لوگ اس سفید سانپ کو پالتے بھی ہیں۔ اس کی لمبائی 4 سے 5 فٹ تک ہو سکتی ہے۔ یہ عام طور پر کاٹتا نہیں لیکن اگر اسے اشتعال دلایا جائے تو یہ کاٹ بھی سکتا ہے جس سے معمولی زخم ہو جاتا ہے۔

اس کو چوہا سانپ اس لئے کہتے ہیں کیونکہ اس کی خوراک میں زیادہ تر چوہے شامل ہوتے ہیں لیکن یہ چوہوں کے علاوہ چھوٹے پرندے، مینڈک اور چھپکلیاں وغیرہ بھی کھا جاتا ہے۔

7-ایمرالڈ ٹری بووا

Emerald Tree Boa

(Corallus caninus)

ایمرالڈ ٹری بووا درختوں پر رہنے والا ایک غیر زہریلا سانپ ہے جو اپنے شکار کو دم گھوٹ کر ہلاک کرتا ہے۔ یہ سانپ براعظم جنوبی امریکہ کے امیزون کے بارشی جنگل میں پایا جاتا ہے۔ ان کی جسامت 6 فٹ تک ہو سکتی ہے۔ یہ پرندوں اور چھپکلیوں کا شکار کرتا ہے۔

 6-شیلڈ ٹیل سانپ

Iridescent Sheildtail Snake

(Melanophidium bilineatum)

دنیاں کا چھٹا خوبصورت ترین سانپ یہ سانپ دنیا میں صرف برصغیر میں پایا جاتا ہے۔ یہ بہت کم پایا جانے والا سانپ ہے جس کے بارے میں زیادہ معلومات میسر نہیں۔ یہ پاکستان کے جنوبی علاقوں بالخصوص گوادر اور ہنگول نیشنل پارک میں پایا جاتا ہے۔ بھارت میں یہ زیادہ تر مغربی گھاٹ کے جنگلوں میں پایا جاتا ہے۔

 5- ایمیلینسٹک برمیز پائتھن

Amelanistic Burmese Python

(Python molurus bivittatus)

برمیز پائتھن کا شمار دنیا کے چھے بڑے سانپوں میں ہوتا ہے۔ یہ سانپ انسان کو سالم نگل جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس کا آبائی وطن برما، تھائی لینڈ اور ملائشیا وغیرہ ہے لیکن یہ اب کئی طریقوں سے امریکہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ان سانپوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ ویسے تو یہ سانپ کا رنگ سرخ اور کالے پیٹرنز پر مشتمل ہوتا ہے لیکن اس میں ایک قسم کے البینو سانپ بھی کبھی کبھار پیدا ہوجاتے ہیں۔ ان سانپوں کا رنگ گہرا پیلا ہوتا ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے۔

کچھ لوگ برمیز پائتھن کو پالتو سانپ کے طور پر پالتے بھی ہیں۔ لیکن اس کو پالنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ یہ اپنے مالک پر بھی کسی وقت حملہ آور ہوسکتا ہے۔

 4-برازیل کا قوس قزح والاسانپ

Brazilian Rainbow Snake

(Epicrates cenchria)

یہ خوبصورت سانپ صرف وسطی امریکہ اور براعظم جنوبی امریکہ میں پایا جاتا ہے۔ اس کے جسم پر موجود مختلف رنگ دیکھنے میں بہت بھلے لگتے ہیں۔ یہ ایک غیر زہریلا سانپ ہے جسے کچھ لوگ گھروں میں پالتے بھی ہیں۔ یہ سانپ مصنوعی ماحول میں بھی بریڈ کر لیتا ہے۔ آج کل اس نوع کے زیادہ تر سانپ جو بازاروں میں بکتے ہیں وہ گھروں میں پیدا شدہ ہوتے ہیں۔ شروع شروع میں اس سانپ کے کاٹنے کا بہت ڈر رہتا ہے لیکن جیسے جیسے یہ ہاتھوں کا عادی ہوتا جاتا ہے تو پھر یہ بہت کم کاٹتا ہے۔

 3-مشرقی کوڑھیالہ سانپ

Eastern Coral Snake

(Micrurus fulvius)

مشرقی کورل سانپ، سانپوں کی فیملی Elapidae سے تعلق رکھنے والا ایک انتہائی زہریلا سانپ ہے۔ یہ سانپ صرف جنوب مشرقی ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں پایا جاتا ہے۔ ایک دوسرا سانپ جسے سکارلٹ سانپ کہتے ہیں اس سانپ سے بہت ملتا جلتا ہے لیکن وہ زہریلا نہیں ہوتا۔ حیاتیات میں اس مظہر کو mimicry کہتے ہیں۔ مشرقی کوڑھیالے سانپ پر کالے، سرخ اور پیلے رنگ کی دھاریاں ہوتی ہیں۔ اس کا زہر نیوروٹاکسک ہوتا ہے جو مرکزی نظام اعصاب پر حملہ کرتا ہے۔ یہ سانپ امریکہ میں ہر سال تقریباً 100 لوگوں کو کاٹتا ہے۔

 2-نیلا دوڑنے والا سانپ

Blue Racer Snake

(Coluber constrictor foxii)

اس سانپ کا تعلق سانپوں کی فیملی Colubridae سے ہے۔ یہ ایک غیر زہریلا سانپ ہے جو ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے گھاس کے میدانوں میں پایا جاتا ہے۔ اس سانپ کی مادہ 15 تک انڈے دیتی ہے جن سے نکلنے والے زیادہ تر سانپ اپنی زندگی کے پہلے سال ہی مختلف جانوروں کا شکار بن جاتے ہیں۔

دنیا کا سب سے خوبصورت سانپ

گرین ٹری پائتھن

Green Tree Python

(Morelia viridis)

یہ ایک غیر زہریلا سانپ ہے جو آسٹریلیا اور نیوگنی میں پایا جاتا ہے۔ اس کا رنگ چمکدار سبز ہوتا ہے۔ اس کی لمبائی 2 میٹر اور وزن 1.6 کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔ مادائیں نروں کی نسبت بھاری ہوتی ہیں۔ یہ عام طور پر درختوں پر رہتا ہے جہاں یہ چھپکلیوں اور پرندوں کا شکار کرتا ہے۔ کچھ لوگ اس کو پالتو سانپ کے طور پر پالتے بھی ہیں۔


تحریر و تحقیق: اسرار احمد

Comments

- Advertisement -