ٹوکیو : پولیس نے ایک ایسی سفاک خاتون کو حراست میں لیا ہے جس نے ایک سہولت حاصل کرنے کیلیے ماں کے مرنے کے بعد اس لاش دس سال تک فریزر میں چھپا کر رکھا۔
اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ48 سالہ یومی یوشینو نامی خاتون کو ٹوکیو کے ایک اپارٹمنٹ میں گزشتہ روز فریزر کے اندر سے ملنے والی کسی خاتون کی لاش کو چھپانے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کی والدہ کی موت کا علم ہونے پر اسے اپارٹمنٹ سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمہ کا کہنا ہے کہ اس نے10 سال قبل لاش کو چھپایا تھا کیونکہ وہ اس گھر کو چھوڑنا نہیں جانا چاہتی تھی جہاں وہ اپنی والدہ کے ساتھ کئی سال سے رہائش پذیر تھی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق یومی یوشینو کی والدہ کی موت کے وقت عمر تقریباً 60 برس تھی اور میونسپل ہاؤسنگ کمپلیکس میں اپارٹمنٹ ان کے نام پر ہی لیز کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یوشینو کو جنوری کے وسط میں کرائے کی رقم ادا نہ کرنے کے بعد اپارٹمنٹ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا اور اس دوران صفائی کرنے والے ایک شخص کو ایک کمرے میں چھپائے گئے فریزر میں سے یہ لاش ملی تھی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زیادہ وقت گزر جانے کی وجہ سے لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مذکورہ خاتون کی موت کا وقت اور اس کا سبب معلوم نہیں ہوسکا۔