منگل, جون 24, 2025
اشتہار

وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ کے اخراجات میں کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے جمع کروا گئیں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں کٹوتی کی تمام تحاریک کو مسترد کر دیا گیا۔

اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں کٹوتی کی 100 سے زائد تحاریک پیش کی تھیں جن میں پیٹرول، ہیلی کاپٹر اور اسٹیشنری کے اخراجات کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھول جائیں کٹوتی کی تحاریک منظور ہوں گی کیونکہ یہ اخرجات ہم انتہائی مجبوری میں کرتے ہیں، اپوزیشن کو حق ہے وہ مخالفت کرے تاکہ عوام کو پتا چلے۔

یہ بھی پڑھیں: ’وزیر اعلیٰ ہاؤس کا سارا خرچہ میں خود اٹھا رہا ہوں‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم تمام کٹوتی کی تحاریک کی مخالفت کریں گے۔

اپوزیشن رہنما محمد مظاہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گارڈن کیلیے پیسے رکھے گئے ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ڈیمانڈ اسٹیشنری کیلیے ہے، سندھ کا ترقیاتی بجٹ دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔

محمد مظاہر نے کہا کہ تحائف اور تفریحی اخراجات پر 20 کروڑ خرچ ہوئے۔ مراد علی شاہ نے جواب دیا کہ پچھلے سال ایران کے شہید صدر وزیر اعلی ہاؤس آئے تھے، مہمانوں پر زیادہ اخراجات ہوئے ہیں، تحائف میں ہم اجرک اور ٹوپی دیتے ہیں، دست کاری اشیا وغیرہ بھی تحائف میں دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتوں اور ججوں کے اس سال چارجڈ اخراجات 5 ارب سے زائد ہیں، سندھ اسمبلی کے چارجڈ اخراجات 3 ارب سے زائد ہیں، گورنر ہاؤس کے چارجڈ اخراجات ایک ارب سے زائد ہیں، قرضوں کی مد میں 59 ارب سے زائد جاری کیے گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کورٹس میں ہماری نہیں چلتی، اسمبلی اور اداروں سے اخراجات کم کرنے کی گزارش کرتے ہیں، اسپیکر اور گورنر کے اخراجات پر کوئی کٹوتی کی تحریک نہیں، وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے اخراجات پر کٹوتی کی تحاریک ہیں۔

اس پر محمد مظاہر نے کہا کہ خلیجی ممالک میں جنگ تھی پیٹرول کی قیمت بڑھنے والی ہے، حکومت پیٹرول کے اخراجات کم کرے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے جواب دیا کہ پیٹرول کے استعمال میں اضافہ نہیں ہوا، پیٹرول کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے اخراجات بڑھے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں