کراچی: مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے، امید ہے دکاندار پابندی پر عملدر آمد کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 9 اگست سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے بات چیت جاری تھی، کل سے پلاسٹک بیگز پر باضابطہ طور پر پابندی لگائی تھی۔ پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز بند کرنے پر دکانداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امید ہے دکاندار پابندی پر عملدر آمد کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس کلیکشن میں ناکام ہوگئی ہے، جب اوگرا قیمتیں بڑھانے کا کہتی ہے تو بڑھا دیتے ہیں، جب اوگرا قیمتیں کم کرنے کی سفارش کر رہی ہے تو کیوں نہیں کی، مطالبہ ہے اوگرا کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بجٹ کا 85 سے 90 فیصد حصہ وفاق سے آتا ہے، وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ کی مد میں رقم سندھ کو نہیں دے رہا۔ 86 بلین کا ریکارڈ شارٹ فال ہے جو وفاق سندھ حکومت کو نہیں دے رہی۔ این ایف سی کی مد میں جو پیسے طے کیے گئے ہیں وہ ادا کیے جائیں۔
اس سے قبل ایک موقع پر مشیر سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ لوگوں کے تعاون سے کچرے کو صاف کر سکتے ہیں۔ ایک بار صفائی ہوجائے پھر روزمرہ کی صفائی کا خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی سے 162 ارب کا وعدہ کیا تھا، وعدہ وفا کیا ہوتا تو کراچی کے مسائل نہ ہوتے۔ کراچی کے 3 اسپتال وفاقی حکومت کو منتقل کیے گئے۔