واشنگٹن : بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے کہا ہے کہ موسیقی کے ذریعے پاک بھارت کشیدگی کو نہ صرف ختم کیا جاسکتا ہے بلکہ اس اقدام کے ذریعے موسیقی کو فروغ بھی دیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں جنوبی ایشائی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بھارتی گلوکار کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی صرف موسیقی کو فروغ دینے سے ہی کم ہوسکتی ہے۔
امریکی ریاست ورجینیا میں بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار میکا سنگھ نے اتوار کے روز امریکا میں مقیم جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو بالی ووڈ تک لے جانے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پرواگرام کا آغاز کردیا ہے۔
میکا سنگھ نے امریکا میں موجود اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہانزیب علی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی میں چھپے ٹیلنٹ کو نکالنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام متعارف کروایا گیا ہے، اسی سلسلے میں ورجینیا سے منتخب ہونے والی گلوکارہ مدھو علی کو بالی ووڈ میں ایک نئے گانے کے ذریعے متعارف بھی کروادیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسیقی ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے پاکستان اور بھارت کے عوام اور حکمرانوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکتا ہے۔
میکا سنگھ کا کہنا تھا کہ ’میری خواہش ہے دونوں ممالک کے عوام اور گلوکار ایک دوسرے کے لیے گانے گائیں تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیار بڑھے‘۔
اس موقع پر موجود معروف بھارتی گلوکارہ آرتھی کا کہنا تھا کہ ورجینیا میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام امریکا میں مقیم جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے لیے ایک بہترین موقع ہے جس کے ذریعے وہ اپنے اندر چھپے گلوکار کو دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔
امریکا میں منعقدہ تقریب میں ریاست ورجینیا ، میری لینڈ اور واشنگٹن ڈی سی میں موجود جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر معروف پاکستانی نژاد منصور قریشی نے میکا سنگھ کو اجرک بھی پیش کی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔