لاہور : بدقسمت طیارے کے کیپٹن سجاد گل کے والد نے چوہدری سرور سے ملاقات کے دوران کہا کہ میرا بیٹا 17 ہزار فلائنگ آوورز مکمل کرنے والا پہلا پائلٹ تھا، پی آئی اے والے صرف سیاست کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے جمعۃ الوداع کے روز شہر قائد میں حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت طیارے کے کیپٹن سجاد گل کے اہل خانہ سے ان کے گھر پر ملاقات کی، اس موقع پر کیپٹن سجاد گل کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے سے 17 گھنٹے سے زائد کام کرایا جا رہا تھا۔
کیپٹن سجاد گل کے والد کا کہنا تھا کہ گورنر چوہدری سرور کی یقین دہانی پر اعتبار کرتا ہوں لیکن پی آئی اے والے کیا انکوائری کریں گے، پی آئی اے والے خود انکوائری کرتے اور خود فیصلے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا ڈسپلنڈ اور پروفیشنل آدمی تھا، اور 17 ہزار فلائنگ آوورز مکمل کرنے والا پہلا پائلٹ تھا، آڈیو کلپ میں بیٹے کی آواز پہچانی، میڈے میڈے کہتا رہا۔
کیپٹن سجاد گل کے والد نے کہا کہ گورنر اور وزیر اعظم عمران خان کی بات پر اعتماد کرتا ہوں، بلیک باکس کی رپورٹ آنے سے پہلے کوئی بات نہ کی جائے۔
مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ، مسافر المناک کہانی چھوڑ گئے
واضح رہے کہ چند روز قبل جمعتہ الوادع کے روز پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔