چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مکی آرتھر سے قریباً تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور قوی امکان ہے وہ بطور ہیڈکوچ واپس آئیں گے۔
اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ ڈربی شائر کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ کی وجہ سے سابق کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے تاہم پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ وہ آرتھر سے براہ راست رابطے میں ہیں اور مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مکی آرتھر کا باب بند نہیں کیا تھا میں ذاتی طور پر مکی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہوں اور ہم نے 90 فیصد مسائل حل کر لیے ہیں امید ہے کہ ہم آپ کو بہت جلد یہ خبر دیں گے کہ مکی ہمارے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ پاکستانی نہیں ہوگا جب مکی آئےگا تو اس سےکہوں گا اپنی ٹیم بنائیں اور خود کوچنگ پینل تشکیل دیں۔