ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کیلیے پاک فوج سے بھی مدد حاصل کریں گے، ناصر حسین شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سندھ ناصر حسین شاہ نے رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) خواجہ اظہار کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ہر صورت امن بحال کیا جائے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو امن بحالی کی ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی بھی ہو رہی ہے، سندھ میں ایسے پولیس افسران کی ضرورت ہے اور تھی جو صورتحال کو سمجھتے ہوں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ اچھی شہرت کا آئی جی لگوانے پر خواجہ اظہار کو اتنا بُرا کیوں لگا سمجھ سے باہر ہے، خواجہ اظہار اطمینان رکھیں سندھ حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر کرے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خواجہ اظہار کہتے ہیں ہم نے مسلم لیگ (ن) کو بلیک میل کر کے آئی جی پولیس لگوایا ہے، لگتا ہے وہ ان کے ترجمان ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ اظہار کی امن و امان پر گفتگو صرف سیاسی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کیا صورتحال پہلے بہتر تھی نئے افسران کے بعد خراب ہوئی؟ حالات کو بہتر کرنے کیلیے حکومت نے افسران تعینات کیے، پہلے جلاؤ گھیرا ہوتا تھا ان ہی افسران نے کنٹرول کیا ہے، سندھ پولیس کے جوانوں نے امن کیلیے قربانیاں دی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ رینجرز نے پولیس کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف کام کیا، امن و امان قائم کرنے کیلیے رینجرز کی بڑی قربانیاں ہیں، کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن کیلیے تیاریاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کیلیے پاک فوج سے بھی سپورٹ حاصل کریں گے، رینجرز اب بھی کراچی میں پولیس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر ایم کیو ایم رہنماؤں نے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کی اور رینجرز کو پورے صوبے میں اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے اب وفاق سندھ میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے میں نا کام ہو چکی ہے اور کوئی سلطان راہی نہ بنے، وزیر داخلہ سندھ منہ کھولنے سے پہلے آنکھیں کھولیں۔

ادھر، خواجہ اظہار نے کہا کہ غلام نبی میمن کے آئی جی بننے سے ڈاکوؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، انہیں لائسنس ٹو کِل مل گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں