کراچی : صوبائی وزیر محنت اور ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے تاجر برادری کو پیشکش کی ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ذریعہ سیاسی دھارے میں شامل ہوں، ہماری جماعت کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی کراچی میں منعقدہ تقریب میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر قائد میں نئے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جلد ہی کراچی میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی، سندھ حکومت نے پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے کئی منصوبے شروع کررکھے ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے میں سندھ نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے اور وفاق کو اپنا کام کرنا ہے لیکن لگتا یہی ہے کہ اس کام میں کئی سال لگیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بیرون ممالک انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کریں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت برآمدی مصنوعات پر عائد ایک فیصد ٹیکس ختم کرے۔