آج پاکستان کے مشہور فلمی موسیقار نذیر علی کی برسی ہے۔ 5 جنوری 2003ء کو اس دنیا سے رخصت ہونے والے نذیر علی گکھڑ منڈی ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے موسیقار ایم اشرف کے شاگرد اور معاون کی حیثیت سے کام کیا اور ان سے سیکھا۔
1945ء کو پیدا ہونے والے نذیر علی نے پہلی مرتبہ فلم پیدا گیر کے لیے موسیقی دی تاہم ان کی شہرت کا ستارا فلم دلاں دے سودے سے چمکا۔ انھوں نے ایم اشرف کے ساتھ فلم تیس مار خان اور آئینہ میں بطور معاون کام کیا تھا۔
فلمی موسیقی کے اپنے کیریئر کے دوران نذیر علی نے 140 فلمیں کیں اور 14 فلموں میں دھمالیں ریکارڈ کروائیں۔ انھیں دھمال کا بادشاہ بھی کہا جاتا تھا۔
نذیر علی کی دیگر فلموں میں سجناں دور دیا، مستانہ ماہی، سلطان، عشق میرا ناں، دلدار صدقے، وچھڑیا ساتھی، بائیکاٹ، ہتھیار، سیونی میرا ماہی اور لال طوفان سرِفہرست ہیں۔