نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا ہے کہ جمی نیشم نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ تبدیل کر دیا۔
انگلینڈ کو سیمی فائنل میں ہرا کر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے پر کیوی کپتان نے کہا کہ مچل نے شاندار بلے بازی کی وہ پہلے ٹاپ آرڈر میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے لیکن آج انہوں نے زبردست باری کھیلی۔
کین ولیمسن نے کہا کہ ان پچز پر ہدف کا تعاقب کرنا مشکل ہوتا ہے ٹی ٹوئنٹی میں غلطیوں کی گنجائش کم ہوتی ہے چھوٹی باؤنڈری اور پچ کی صورتحال پر میچ کا انحصار ہوتا ہے نیشم نے جارحانہ انداز اپنایا اور گیم کا مومینٹم تبدیل کر دیا بالآخر یہی فیصلے کن ثابت ہوا۔
’کوئی غلطی نہیں کی، نیوزی لینڈ نے اچھا کھیلا‘
فائنل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایونٹ تمام ہی میچز دیکھے ہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کو جانتے ہیں اور آج سے ہماری پوری توجہ اسی پر ہو گی۔
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ 18 ویں اوورز تک ہم میچ میں تھے ایسی کوئی غلطی نہیں کی جس کی وجہ سے میچ ہارے۔
انہوں نے کہا کہ کین ولیمسن اور ان کی ٹیم کو پورا کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور آج ہمیں پیچھے چھوڑا، ہم نے جو کیا اس میں سے کسی چیز کو بھی غلط نہیں کہہ سکتے۔