پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف نے چارج سنبھال لیا، چوہدری ذکا اشرف پی سی بی ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے.
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف نے چارج سنبھال لیا، چوہدری ذکا اشرف پی سی بی ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے ہیں جہاں پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ذکا اشرف کا استقبال کیا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہو گیا ہے، چیئرمین چوہدری ذکا اشرف اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اجلاس میں پاکستان کرکٹ کے اہم امور کا جائزہ لے کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا.
اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹر نیشنل کرکٹ سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا.
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ذکا اشرف کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چیرمین مقرر کیا تھا.
وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے مینجمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی تھی جبکہ حکومت نے پی سی بی کے چیف الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کو بھی عہدے سے ہٹا دیا ہے، پی سی بی کا نیا چیف الیکشن کمشنر محمود اقبال خاکوانی کو مقرر کیا گیا ہے۔