جمعہ, جون 21, 2024
اشتہار

محبت کی تکون جب ’’خود غرض‘‘ ہوجائے

اشتہار

حیرت انگیز

محبت اور رقابت یہ دو جذبے انسانی زندگی کا وہ لازمی حصہ ہیں جو کئی کہانیوں کو جنم دیتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ یہ دو جذبے کم و بیش ہر کہانی، ناول یا افسانے کا احاطہ کیے ہوتے ہیں ، اے آر وائی ڈیجیٹل کی نئی پیشکش ڈرامہ ’’خود غرض‘‘ اس کا اور پہلو سامنے لا رہا ہے جو شائقین کی دلچسپی کا باعث ہو گا۔

محبت اور رقابت اگر ضد بن جائیں تو کیسے کیسے سنگین حالات جنم لیتے ہیں؟ ڈرامہ ’’خود غرض‘‘ اس کا احاطہ کرے گا جس میں ایک کردار رقابت کی اس حد تک پہنچ جائے گا کہ ’’خود غرض‘‘ کے سوا اسے کچھ اور نہ کہا جا سکے گا، ڈرامہ 19 دسمبر کو رات 8 بجے نشر کیا جائے گا۔

- Advertisement -

اس ڈرامے کی خاص بات ممتاز اداکارہ آمنہ شیخ کی کسی ڈرامہ سیریل میں مدت کے بعد جلوہ نما ہونا ہے۔ آمنہ شیخ ’’خود غرض‘‘ میں عائرہ کا کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کے ہمراہ سید جبران جو منفرد روپ میں جنید کا کردار نبھائیں گے۔

’’خود غرض‘‘ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ وہ پہلا ڈرامہ ہے جس میں آمنہ شیخ اور سید جبران پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں اس سے قبل دونوں نے کسی ڈرامے میں ایک ساتھ کام نہیں کیا تھا، دونوں ممتاز اداکار اپنی جوڑی میں یوں نظر آتے ہیں جیسے انگوٹھی میں نگینہ۔

سید جبران یوں تو کئی کردار ادا کرچکے ہیں لیکن حال ہی میں ادا کیے گئے چند منفی کرداروں نے انہیں ولن کے روپ میں متعارف کرادیا ہے تاہم ’’خود غرض‘‘ میں وہ اپنے اس تعارف کی نفی کرتے نظر آئیں گے۔

سمیع خان ، حسان کے روپ میں اپنے کیریئر کے مشکل ترین کردار میں نظر آئیں گے، انسانی نفسیات کی مختلف جہتوں کو نبھانے کے لیے انہوں نے کافی محنت کی ہے، شائقین سمیع خان کو اس ڈرامے میں کہیں نرم دل تو کہیں وہ فخر و تکبر کا نمونہ پائیں گے اور کہیں ایثار کرتے تو کہیں قابض ہونے کی خواہش میں مبتلا دکھائی دیں گے۔

منشا پاشا خود غرض میں ابیر کا کردار نبھائیں گی، منشا پاشا ’’خود غرض‘‘ میں اپنے کردار ابیر سے بہت پُر امید ہیں وہ کہتی ہیں کہ اس منفرد کردار کے مختلف پہلوؤں نے اپنی جانب متوجہ کیا جنہیں نبھانے کی میں نے پوری کوشش کی ہے اور امید ہے شائقین داد سے نوازیں گے۔

ڈرامہ ’’خود غرض‘‘ کے کرداروں میں ماضی کے معروف فلمی ہیرو غلام محی الدین کی موجودگی نے اچھے اسکرپٹ، بہترین ٹیم اور موزوں اداکاروں کی ضمانت دے دی ہے، غلام محی الدین پاکستانی فلموں کا لازمی حصہ ہوا کرتے تھے جنہوں نے کبھی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

’’ خود غرض‘‘ کے ہدایت کاریاسر نواز ہیں، اور یہ ڈرامہ ردا بلال کے قلم کا شاہکار ہے، یاسر نواز اس سے قبل بھی کئی کامیاب ڈرامے پیش کرچکے ہیں اور اس بار بھی اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔

’’خود غرض‘‘ کی کاسٹ اور کہانی کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ یہ ڈرامہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے شائقین اس ڈرامے کو برسوں یاد رکھیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں