27.2 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

2020: دنیا نئے سال کا جشن کیسے منائے گی

اشتہار

حیرت انگیز

آج کیلنڈر بدل جائے گا اور دنیا 2020 میں اپنا سفر شروع کرے گی۔

نئے عیسوی سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے حسبِ روایت رنگا رنگ تقاریب منعقد کی جائیں‌ گی۔ کہیں آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا، کسی جگہ برقی قمقموں سے روشنیاں بکھیر کر، کہیں سیکڑوں چراغ جلا کر سالِ نو کا جشن منایا جائے گا۔ چند ملکوں میں تاریخی گھنٹہ گھر کے باہر جمع ہو کر نئے سال کی آمد کا شور سنا جائے گا اور کسی شہر کے باسی مرکزی چوک پر گھڑی کی سوئیوں کی حرکت کے ساتھ کرسٹل بال کے بلندی سے نیچے کی طرف آنے کا نظارہ کریں گے اور یوں 2019 ماضی بن جائے گا۔

نئے برس کا آغاز خوش رنگ امیدوں، دل رُبا امکانات کے ساتھ ہو گا۔ سالِ نو کا جشن مناتے ہوئے زندہ قومیں نئے اہداف مقرر کرکے، ترقی اور خوش حالی کے راستے پر نئی منزل کی طرف بڑھیں گی۔ یہاں ہم چند تقریبات کا ذکر کررہے ہیں جو دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے منعقد کی جاتی ہیں۔

- Advertisement -

دنیا کی مختلف اقوام اپنی ثقافت اور روایات کے مطابق نئے سال کا جشن مناتی ہیں۔ ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، شمالی اور جنوبی امریکا، براعظم افریقا کے ممالک اور یورپ بھر میں نئے سال کے آغاز پر رنگارنگ تقاریب منعقد ہوں گی۔

سڈنی کا نام ہر سال کے آغاز پر اس لیے بھی سنائی دیتا ہے کہ یہاں ہزاروں کی تعداد میں روشنیاں اور کئی اقسام کی آتش بازی کا نظارہ کیا جاتا ہے اور اسے دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔ آسٹریلیا کے باسی سڈنی اور اس کی بندرگاہ کے کنارے جمع ہوکر نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔

امریکا کے ٹائمز اسکوائر کا چرچا ہر سال اس لیے بھی ہوتا ہے کہ یہاں ایک کرسٹل بال سالِ نو کی آمد کا یقین دلاتا ہے۔ شہری ٹائمز اسکوائر کے اس کرسٹل بال کو بلندی سے نیچے گرتا دیکھ کر نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔ یہ منظر نیویارک کے باسیوں کو بہت بھاتا ہے اور وہ اس موقع پر نہایت پُرجوش نظر آتے ہیں۔

ملائیشیا کی بات کریں تو پیٹروناس ٹاور وہ مقام ہے جہاں ہر سال ہی جشن کی مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔
جنوبی کوریا میں ایک بڑی گھنٹی بجا کر نئے سال کی آمد کا اعلان کیا جاتا ہے. یہ گھنٹی اس ملک کے دارالحکومت سیؤل میں ایک مقام پر نصب ہے۔

ماسکو کا ریڈ اسکوائر دنیا بھر میں مشہور ہے۔ روس میں ہزاروں لوگ ریڈ اسکوائر کا رخ کرتے ہیں اور نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔

جرمنی چلیے تو وہاں برلن شہر میں نئے سال کے آغاز پر مرکزی گھنٹہ گھر سے گونجنے والی آواز کے ساتھ ہی آتش بازی کا خوب صورت مظاہرہ دیکھا جاسکتا ہے۔

دبئی کا برجِ خلیفہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس بلند ترین عمارت سے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے آتش بازی کا شان دار مظاہرہ کیا جاتا ہے اور یہ منظر دیدنی ہوتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں